ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کا اقلیتی کمیشن سخت نوٹس لے رہا ہے رمضان کا اہتمام گھرو ں میں رہ کر کرنے سے ہی تمام کی بھلائی ہے: عبد العظیم

مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کا اقلیتی کمیشن سخت نوٹس لے رہا ہے رمضان کا اہتمام گھرو ں میں رہ کر کرنے سے ہی تمام کی بھلائی ہے: عبد العظیم

Sun, 19 Apr 2020 12:23:33    S.O. News Service

بنگلورو،19؍اپریل(ایس او نیوز)کرناٹک اقلیتی کمیشن کے چیر مین عبدالعظیم نے ہفتہ کے روز دارالعلوم سبیل الرشاد پہنچ کر کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے حکومت کی طرف سے نافذ اقدامات کو موثر بنانے کے لئے بنگلورو کے ممتاز علمائے کرام کے ساتھ مشورہ کیا۔

اس کے بعد انہوں نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مسلمانو ں سے جوڑ کر ان کو بدنام کرنے والوں یا لاک ڈاؤن کے دوران فرقہ وارانہ بنیاد پر مسلمانوں کو ہراساں کرنے یا ان پر ظلم کرنے کے واقعات کا کمیشن نے سخت نوٹس لیا ہے۔ اس سلسلہ میں کمیشن کی مداخلت کے بعد مذہبی بنیاد پر مسلمانوں کے ساتھ امتیاز برتنے اور بے وجہ مسلمانوں کی پٹائی کرنے کے مرتکب پولیس افسروں کو ملازمت سے معطل کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں امارت شرعیہ، کرناٹک وقف بورڈ اور علمائے کرام کی طرف سے جو ہدایتیں جاری کی گئی ہیں مسلمانوں کو ان کی پندی کرنی چاہئے۔ کسی بھی حال میں مساجد میں جمع ہو کر اجتماعی نمازوں کے اہتمام کی کوشش نہ کریں اور لاک ڈاؤن کے ضابطہ کی تکمیل کرتے ہوئے گھروں میں ہی نماز، سحری و افطار کا اہتمام کریں۔ دہلی کے مرکز نظام الدین کے اجتماع میں شریک جماعت کے کارکنوں کی طر ف سے کورونا وائرس ٹسٹ کروانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ابھی یہ اطلاعات ہیں کہ چند افرادجو مرکز نظام الدین گئے انہوں نے اپنا ٹسٹ نہیں کروایاہے۔

اس سلسلہ میں اقلیتی کمیشن کی طرف سے وقف بورڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مساجد کے ذمہ داروں کے ذریعے اس بات کی نشاندہی کروائے کہ کن لوگوں نے اب تک اپنا ٹسٹ نہیں کروایا اور انہیں رضاکارانہ طو ر پر ٹسٹ کروانے کی ترغیب دلائی جائے تاکہ ٹسٹ کے بعد وہ اپنے آپ کو کورنٹائن کر سکیں۔بصورت دیگر ان پر سخت قانونی گرفت ہو سکتی ہے۔

اس موقع پر امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی، مفتی افتخار احمد قاسمی، صدر جمعیت العلماء کرناٹک، مولانا مقصود عمران رشادی، خطیب و امام، جامع مسجد بنگلورو سٹی، مولانا عبد القادر شا ہ واجد ابوالعلائی، صدر، سنی جمعیت العلماء آل کرناٹک، مفتی شمس الدین بجلی، ڈاکٹر سعد بیلگامی، امیر جماعت اسلامی ہند کرناٹک ودیگر علماء و عمائدین موجود تھے۔


Share: